105

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر سینیٹر مشاہد اللہ کے اعزاز میں سعودی عرب کے شہر الریاض میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام

جدہ( ملک تصور )پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر سینیٹر مشاہد اللہ کے اعزاز میں سعودی عرب کے شہر الریاض میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں پارٹی ورکرز کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں اور کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ عوام حکومتی کارکردگی سے نہ صرف مایوس ہوچکے ہیں بلکہ مہنگائی اور لاقانونیت کے باعث پریشانیوں کا بھی سامنا کر رہے ہیں، نا تجربہ کار حکومت ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل رہی ہے، الیکشن سے قبل بلند وبانگ دعوے کرنے والی پارٹی کے پاس عوام کو دینے کے لئے کچھ نہیں، روپے کی قدر میں مسلسل کمی سے ملکی معیشت بدحالی کا شکار ہے ، عوام پر مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا گیا ہے، معاشی انقلاب کا دعویٰ کرنے والی حکومت کا ویژن مرغی اور انڈے پرآکر ختم ہوجاتا ہے۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ نئے بجٹ کی صورت میں غریب عوام پر مہنگائی کا مذید بوجھ ڈال دیا گیا ہے، 50 لاکھ گھر دینے والے نے 9 مہینے میں 50 لاکھ گھروں کو مٹی کا ڈھیر بنا دیا، مریم نواز ایک بہادر باپ کی بیٹی ہے اور مستقبل میں پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ادا کریں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی احسان دانش نے کہا کہ نوازشریف پرجھوٹے مقدمات بنائے گئے اور ان کو ٹارگٹ کرکے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔ صدر مسلم لیگ ن الریاض خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ مسلم لیگی ورکرز سینیٹر مشاھد اللہ کے ریاض آمد پر بے حد مشکور ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے قائد ووٹ کو تقدس دلانے کے لئے جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے اس میں تمام مسلم لیگی ورکرز ان کے ساتھ ہیں اور اپنے قائد پر فخر محسوس کرتے ہیں ہے، تقریب سے رانا خادم حسین، حافظ محمود اور چوہدری عبدالمجید نے بھی خطاب کیا اور نظامت کے فرائض زاھد سندھو نے ادا کئے، پی ایم ایل این یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے پرجوش نعروں سے تقریب میں رنگ بھر دئیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں