21

کپل شرما بھی سدھو کی حمایت میں کھڑے ہوگئے

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ سے نوجوت سنگھ سدھو کو باہر کر دیا گیا تھا جن کے بعد ارچنا سنگھ اب ان کی جگہ لیں گی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کو بالی وڈ اداکار سلمان خان کے کہنے پر’دی کپل شرما شو‘ کی کاسٹ سے علیحدہ کیا گیا۔

بے ساختہ اور برجستہ جملوں سے سب کے دل جیتنے والےسدھو کی حمایت میں اب بھارتی کامیڈین کپل شرما بھی کود پڑے ہیں ۔ کہتے ہیں کہ بائی کاٹ سدھو یا بائی کاٹ کپل شرما سے کچھ نہیں ہوگا ۔ سدھو کو شو سے الگ کرنا مسئلہ کا حل نہیں۔ لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔

 یاد رہے کہ بھارتی پنجاب کے وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی پلوامہ حملے کی مذمت کی لیکن ساتھ ہی انہوں نے بھارتی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا مٹھی بھر لوگوں کے عمل پر آپ پوری قوم کو قصور وار ٹھہرائیں گے یا کسی فرد کو؟

واضح رہے کہ بھارتی اداکار سلمان خان نے سلور اسکرین کے ساتھ چھوٹی اسکرین پر بھی سرمایہ کاری کررکھی ہے اور اس وقت وہ بھارت کے مشہور کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ کو پروڈیوس بھی کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں